اڈپی ، 24/ اگست (ایس او نیوز) کوٹا پولیس اسٹیشن کے حدود میں نقلی پولیس اور انکم ٹیکس افسران کے روپ میں ایک گھر میں گھس کر چھاپہ ماری کی ناکام کوشش کا معاملہ حل کرتے ہوئے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور ایک کار بھی ضبط کر لی ہے ۔
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت چکمگلورو سے تعلق رکھنے اور ممبئی میں بسنے والے سنتوش نائیک (45 سال) اور کاپو پولیپو کے رہنے والے دیوراج سندر مینڈن (46 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
خیال رہے کہ 25 جولائی کو کویتا نامی خاتون کے گھر پر 6 - 8 افراد کی ایک ٹیم نے پولیس اور آئی ٹی چھاپے کے انداز میں ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی تھی ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا کہ اس گروہ میں ایک کے کار کے اندر موجود افراد میں سفاری سوٹ پہنا ہوا ایک شخص تھا جس کی وجہ سے اس پر انکم ٹیکس افسر کا گمان ہو رہا تھا جبکہ دوسری کار میں موجود لوگوں میں ایک شخص پولیس یونیفارم میں تھا ۔ ان میں سے کچھ لوگوں نے گھر کے کمپاونڈ کی گیٹ پھلانگ کر اندر کا دروازہ کھلوانے کی کوشش کی اس میں ناکام ہونے کے بعد گیٹ کو نقصان پہنچا کر وہاں سے فرار ہو گئے تھے ۔
کوٹا پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں کیس درج کیا گیا تھا ۔ سرکل انسپکٹر دیواکر کی قیادت میں کوٹا پولیس اسٹیشن کے ایس آئی گروناتھ بی ہادیمنے اور ہیری اڈکا پی ایس آئی منجو ناتھ کی ٹیموں نے اس معاملے کی گہری تحقیقات کی جس کے دوران اس گروہ کے دو اراکین کو گرفتار کرنے میں کامیابی ملی جنہیں کنداپور کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ان کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔
اس معاملے پر بولتے ہوئے اڈپی کے ایس پی ڈاکٹر ارون نے کہا کہ ابتدائی تفتیش یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمین نے انکم ٹیکس کے بہروپ میں چھاپہ ماری کرکے ڈکیتی کی سازش رچی تھی اور اسے انجام دینے کے لئے مہا راشٹرا سے یہاں پہنچے تھے ۔ مقامی افراد بھی اس سازش میں شامل ہیں ۔ بقیہ ملزمین کی گرفتاری کے لئے تلاش جاری ہے ۔